کمپیوٹر پر مضمون
Essay on computer
(Computer )کمپیوٹر
آج کا دور کمپیوٹر کا دور ہے ۔شاید ہی کوٸی پڑھا لکھا شخص ایسا ہوگا جو کمپیوٹر کے نام سے واقف نہ ہو۔گھروں میں واشنک مشین ،ماٸیکرو ویو اوونز،سیٹلاٸیٹ ،ریسیورز،سلاٸی مشین اور دیگر الیکڑونک اشیا کمپیوٹراٸزڈ ہو رہی ہیں ۔آپ کسی بڑے سٹور سے سامان خریدتے ہیں تو کاٶنٹر پر موجود شخص اشیا پر لگے بارکوڈ کو لیزر لاٸٹ سے سکین کرتا ہے اور قیمت وغیرہ ہر چیز کمپیوٹر پر ظاہر ہوتی ہے ۔بینکوں اور تجارتی اداروں نے اپنا تمام کام کمپیوٹر پر منتقل کر لیا ہے ۔
میڈیکل کے شعبہ میں کمپیوٹراٸزڈ مشینیں استعمال ہونے لگی ہیں ۔سڑکوں کی ٹریفک ،ایٸر ٹریفک سب کمپیوٹر سے کنٹرول کی جارہی ہیں ۔بجلی ،پانی سوٸی گیس کے محکمے اپنے صارفین کا ریکارڈ کمپیوٹر میں رکھنے لگے ہیں ۔بلوں کی تیاری اور رقموں کی وصولی کمپیوٹرز کے ذریعے ہوتی ہے ۔پہلے لوگ پیغام رساٸی کے لیے خط بھیجتے تھے،اب ای میل ،واٹس ایپ اور میسنجرز کا استعمال ہونے لگا ہے ۔پبلشنگ ،پرنٹنگ اور گرافکس میں زبردست تبدیلیاں آٸی ہیں ۔روبوٹس ،کاریں اسمبل کررہے ہیں ۔انڈسٹریز میں کمپیوٹراٸزڈ مشینیں استعمال ہونے لگی ہیں۔کمپیوٹر گیمز کی وجہ سے کھیلوں کا انداز بدل گیا ہے ۔غرضیکہ کمپیوٹر نے ہماری زندگیوں میں انقلاب برپا کر دیا ہے ۔کپیوٹر کی وجہ سے دنیا اتنی چھوٹی ہوگٸی ہے کہ اسے گلوبل ویلج کہا جانے لگا ہے۔
آٸیے دیکھیں کہ کمپوٹر کیا چیز ہے ؟
کمپیوٹر ایک ایسی الیکڑونک مشین ہے جو دی گٸی ہدایات کی روشنی میں خام ڈیٹا وصول کرتی ہے اور اسے پروسیس کرکے مفید معلومات میں تبدیل کرتی ہے۔
مفید معلومات میں ترتیب ،تجزیہ ،تشریح اور حسابی و منطقی نتاٸج وغیرہ شامل ہیں کمپیوٹر دیکھنے میں بہت پیچیدہ نظر آتے ہیں ۔لیکن کام اور نتاٸج کے اعتبار سے بہت "سیدھے " ہیں ۔
کمپیوٹر کو بنیادی طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ۔
(Hardware) ہاڈوٸیر
(Software) سوفٹ وٸیر
(Hardware)ہارڈوٸیر
کمپیوٹر کے جن آلات کو مادی طور پر چھوا جا سکتا ہے وہ ہارڈوٸیر کہلاتے ہیں ۔مثال کے طور پر کی بورڈ ،پرنٹر ،مانیٹر وغیرہ ہارڈوٸیر میں شمار کٸے جاتے ہیں ۔ہارڈوٸیر کے چار اہم حصے ہیں۔
ان پٹ آلات (1)
سینٹرل پروسیسنگ یونٹ (2)
آٶٹ پٹ آلات (3)
انفارمیشن سٹوریج ڈیواٸسز (4)
(Input Devices)ان پٹ آلات .
کمپیوٹر میں معلومات یا ڈیٹا جن آلات کے ذریعے داخل کیا جاتا ہے انھیں ان پٹ آلات کہا جاتا ہے سب سے زیادہ عام ان پٹ آلہ
کی بورڈ ہے ۔کمپیوٹر کو دینے کے لیے ہدایات کی بورڈ کے ذریعے ٹاٸپ کی جاتی ہیں ۔کی بورڈ پر کچھ فنکشن کیز بھی ہوتی ہیں جو مختلف کام انجام دیتی ہیں ۔
فنکشن کیز کا کام ایک اور آلے سے بھی لیا جاتا ہے ۔جسے ماٶس کہتے ہیں۔یہ بھی ایک ان پٹ آلہ ہے جسے ایک پیڈ پر رول کیا جاتا ہے ۔اس سے ان پٹ آسان اور تیز ہو جاتی ہے ۔فلاپی ڈسک اور سی ۔ڈی بھی ان پٹ آلات ہیں ۔ان کا تفصیلی ذکر بعد میں آٸے گا ۔سکینر بھی ایک اہم ان پٹ ڈیواٸس ہے۔ اس سے تصاویر اور دستاویزات کا عکس اصل شکل میں کمپیوٹر میں فیڈ کیا جاسکتا ہے۔اس سے پبلشنگ کے شعبے میں بہت آسانی پیدا ہوتی ہے ۔لیزرپین بھی کمپیوٹر میں ڈیٹا داخل کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ان پٹ آلات ڈیٹا کو کمپیوٹر کے مرکزی حصے "سی پی یو " تک پہنچاتے ہیں جہاں ڈیٹا پروسیس ہوتا ہے ۔
( CPU )سنٹرل پروسیسنگ یونٹ .
کمپیوٹر کا دماغ سنٹرل پروسیسنگ یونٹ ہے جسے مختصراً سی پی یو کہا جاتا ہے ۔یہ کمپیوٹر سے منسلک مختلف حصوں کو کنٹرول کرتا ہے ۔اس میں کنٹرول یونٹ ،میموری یونٹ اور ارتھمیٹک اینڈ لوجک یونٹ شامل ہیں۔
کنٹرول یونٹ سی پی یو کا مرکزی حصہ ہے ۔یہ ہدایات کو سمجھ کر دسرے حصوں کو بتاتا ہے کہ ان پر کیسے عمل کرنا ہے ۔اس حصے کا ایک اہم کام ہدایات (پروگرام ) کی ترتیب و تدریج کا خیال رکھنا ہے۔ سی پی یو ڈیٹا کو ان پٹ میموری میں لے جاتا ہے ۔پھر میموری سے اے ایل یو میں لے جاتا ہے تاکہ جمع تفریق و دیگر اوپریشنز کٸے جاسکیں ۔وہاں سے واپس میموری میں لے جاتا ہے اور آخر میں آوٹ پٹ یونٹ کو منتقل کر دیتا ہے ۔کمپیوٹر میں ہونے والے تمام عمل کی نگرانی سی پی یو کرتا ہے ۔
میموری یونٹ ریم اور روم پر مشتمل ہوتا ہے ۔ انہیں عارضی میموری بھی کہا جاتا ہے ان پٹ آلات یا ہارڈڈسک سے ڈیٹا پہلے ریم میں منتقل کیاجاتا ہے۔ پھر پروسیس کرنا شروع کیا جاتا ہے ۔روم میں کچھ انفارمیشن مستقل طور پر محفوظ ہوتی ہیں ۔جب کمپیوٹر کو آن کیا جاتا ہے تو روم ،آپریٹنگ سسٹم کے آغاز میں مددگار ہوتا ہے ۔
ریم رینڈم ایکسیس میموری کا محفف ہے ریم کو مین میموری بھی کہتے ہیں ۔یہ خالی چپ پر مشتمل ہوتی ہے اور کمیوٹر اس کو معلومات کو ذخیرہ اور واپس لانے کے لیے استعمال کرتا ہے ۔ریم مدر بورڈ کے ساتھ منسلک ہوتی ہے ۔یوزر بڑی آسانی سے اِن چپس کو مدربوڈ کے ساتھ جوڑ سکتا ہے اور وہاں سے ختم کر سکتا ہے ۔یہ ڈیٹا کو پروسیس ہونے سے پہلے اور پروسیس ہونے کے بعد ذخیرہ کرنے کا آلہ ہے
ریم وولاٹاٸل میموری ہے یعنی کہ کمپیوٹر کے بند ہونے پر ریم پر موجود ڈیٹا ضاٸع ہوجاتا ہے ۔اس طرح کی میموری / سٹوریج میں کمپیوٹر کسی بھی جگہ کسی بھی وقت رینڈم طریقے میں ایک ایڈریس سے دوسرے ایڈریس تک جا سکتا ہے ۔ریم کمپیوٹر کے چلنے کے عمل کے دوران آپ کی طرف سے داخل کیے گٸے پروگراموں اور ڈیٹا کو ذخیرہ رکھتا ہے۔کمپیوٹر کو بند کرنے سے پہلے آپ کو ہارڈ ڈسک پر اپنا ڈینا محفوظ کر لینا چاہیے ۔ریم ہارڈ ڈسک کی نسبت بہت تیز رفتا ہوتی ہے ۔یہ ہارڈ ڈسک کی نسبت مہنگی ہوتی ہے ۔
مدر بورڈ پر دوسری پاٸی جانے والی میموری روم ہے ۔روم ریڈاونلی میموری کا محفف ہے ۔کمپیوٹر بنانے والے کمپیوٹر کے کاموں کے لیے استعمال ہونے والی محصوص ہدایات کو سٹور کرنے کےلیے اس قسم کی چپ استعمال کرتے ہیں ۔یہ ایک نان وولاٸل میموری ہے ۔ ایسی معلومات جس کی باربار کمپیوٹر کو ضرورت ہوتی ہے اور اُس کو باربار تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی اُن کو روم پر ذخیرہ کیا جاتا ہے ۔بجلی یا کمپیوٹر بند کرنے کی صورت میں بھی معلومات روم پر سٹور رہتی ہیں ۔بی ۔آٸی او ایس روم بہت عام ہے جب آپ کمپیوٹر کو چلاتے ہیں تو کمپیوٹر اس پر موجود ہدایات کو بوٹ یا سٹارٹ کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔کمپیوٹر روم چپ سے ڈیٹا کو پڑھ سکتا ہے ۔لیکن اس چپ پر نہ ڈیٹا لکھ سکتا ہے اور نہ ہی سٹور کر سکتا ہے اسی وجہ سے اس کو ریڈ اونلی میموری کہتے ہیں ۔روم چپ پر پروگرامز فیکڑی میں لکھے جاتے ہیں ۔مثال کے طور پر روم پر موجود ہدایات کمپیوٹر کو چلا سکتی ہیں کی۔بورڈ کیز کو اُن کی مخصوص کنڑول صلاحیتیں دینا اور سکرین پر کریکڑز دکھانا ۔
روم (ریڈ اونلی میموری ) کی مختلف اقسام ہیں جیساکہ
پی ۔روم (پروگرام ایبل ۔ریڈ اونلی میموری )
ای ۔پی۔روم (اریزیبل ۔پروگرام ایبل ۔ریڈ اونلی میموری )
سنٹرل پروسیسنگ یونٹ کےحصے
سنٹرل پروسیسنگ یونٹ کے دو حصے ہیں۔
(ALU)ارتھ میٹک اینڈ لاجک یونٹ
Arithmetic and Logic Unit(ALU)
(CU)کنٹرول یونٹ
Control Unit (CU) (ارتھ میٹک اینڈ لوجک یونٹ( اے ایل یو ) حسابی عمل یعنی جمع ،تفریق ،ضرب ،تقسیم وغیرہ کرتا ہے اور منطقی عمل یعنی دو چیزوں کے درمیان موازنہ کرتا ہے ۔آجکل جو کمپیوٹر آرہے ہیں ان میں ایک ہی ماٸیکرو پروسیسر میں کنٹرول یونٹ اور ارتھمیٹک اینڈ لوجک یونٹ شامل ہوتے ہیں ۔
اے ایل یو (ارتھ میٹک اینڈ لاجک یونٹ ) کے یونٹس
Units of ALU
ارتھ میٹک اینڈ لاجک یونٹ کے یونٹس درج ذیل ہیں۔
(AU)ارتھ میٹک یونٹ .
(LU)لاجک یونٹ .
ارتھ میٹک یونٹ : ارتھ میٹنگ یونٹ ارتھ میٹک اینڈ لاجک یونٹ کا ایک اہم حصہ ہے ۔یہ حسابی کام کرتا ہے ۔حسابی عوامل اعداد کی جمع ،تفریق،ضرب تقسیم پر مشتمل ہوتے ہیں ۔مثال کے طور پر
4×3 =12
5+2 = 7
لاجک یونٹ : لاجک یونٹ بھی ارتھ میٹک اینڈ لاجک یونٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ یونٹ لاجک آپریشنز بجالاتا ہے۔ منطقی عوامل ڈیٹا پر ریلیشنل اور بولین آپریشن کرتے ہیں۔ ریلیشنل آپریشن دو اعداد کا موازنہ کرنے اور یہ دیکھنے کےلیے کہ ان میں کون سا عدد بڑا ہے ،چھوٹا ہے ،برابر ہے ،چھوٹا ہے یا برابر ہے ،بڑا ہے یا برابر ہے استعمال ہوتے ہیں ۔لاجک یونٹ( ایل یو) دو اعداد کا موازنہ کرتا ہے اور صحیح یا غلط کی شکل میں جواب دیتا ہے ۔مثلاً
(3+1)= 4 صحیح
(1-1) =2 غلط
2>6 غلط
3<7 صحیح
کنٹرول یونٹ (سی یو )
کنٹرول یونٹ کمپیوٹر سسٹم کے تمام کاموں کو کنٹرول اور آرڈینیٹ کرتا ہے ۔جیساکہ کی بورڈ سے ڈیٹا کی درخواست کرنا ،پرنٹر پر ڈیٹا بھیجنا اور سٹوریج یونٹ پر پروگراموں کو ذخیرہ کرنا ۔کنٹرول یونٹ (سی یو ) کمپیوٹر سسٹم کے دوسرے اجزا کو کنٹرول اور سپرواٸز کرتا ہے ۔کنٹرول یونٹ (سی یو ) خود سے کسی ہدایت کو نہیں چلاتا بلکہ کمپیوٹر کے دوسرے اجزا کو ایسا کرنے کا حکم دیتا ہے ۔یہ ٹریفک پولیس مین کی طرح کام کرتا ہے ۔جوکہ ٹریفک کی حرکت اور بہاٶ کو کنٹرول کرتا ہے ۔اسی طرح کنٹرول یونٹ کمپیوٹر میں پروسیس ہونے والی ہدایات کی ترتیب اور بہاٶ کو کنٹرول کرتا ہے ۔دوسرے الفاظ میں یہ کمپیوٹر کے اندر ڈیٹا کے بہاٶ کو کنٹرول کرتا ہے ۔یہ پروسیسر کا سپرواٸزری حصہ ہے۔
ماٸیکرو پروسیسر
ماٸیکرو پروسیسر ایک ایسا انٹگریٹڈ سرکٹ (آٸی سی ) ہے جو ایک چھوٹی سی سلیکان چپ پر مشتمل ہوتا ہے ۔اس چپ پر ہزاروں الیکڑونک اجزا ثبت کٸے ہوتے ہیں ۔کمپیوٹر کے مساٸل حل کرنے کی تمام صلاحیت اسی میں ہوتی ہے ۔
آٶٹ پٹ آلات
Output Devices
آٶٹ پٹ آلہ سی پی یو سے معلومات وصل کرتا ہے اور کمپیوٹر میں ہونے والے عمل کو ظاہر کرتا ہے ۔اس کی ایک مثال مانیٹر ہے مانیٹر ایک ایسا آٶٹ پٹ ڈیواٸس ہے جس کی سکرین پر ٹیلی ویژن کی طرح کمپیوٹر کا سارا عمل دکھایا جاسکتا ہے ۔پرنٹر بھی آٶٹ پٹ ڈیواٸس ہے جو پروسیسنگ کے نتاٸج کو کاغذ پر پرنٹ کرتا ہے ۔آجکل بہت سی قسموں کے پرنٹرز استعمال ہورہے ہیں جن میں ڈوٹ میڑکس،لیزر،انک جیٹ اور ببل جیٹ پرنٹر وغیرہ شامل ہیں ۔سپیکر سگنل کو آواز میں بدلتا ہے ۔یہ بھی آٶٹ پٹ ڈیواٸس ہے ۔روبوٹ سے ملنے والی ہدایات پر عمل کرتا ہے اس لیے یہ بھی آٶٹ پٹ ڈیواٸسز میں آتا ہے۔
انفارمیشن سٹوریج ڈیواٸسز
Information Storage Devices
کچھ عرصہ پہلے تک یہی خیال کیا جاتا تھا کہ انفارمیشن سٹور کرنے اور انفارمیشن حاصل کرنے کا واحد ڈیواٸس کتابیں ہیں۔لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ ساتھ انفارمیشن سٹور کرنے والے دوسرے ڈیواٸسز مثلاً آڈیو وڈیو کیسٹس ،کمپیکٹ ڈسکس ،فلاپی ڈسکس ،ہارڈ ڈسکس وغیرہ مقبول ہوچکے ہیں ۔دفتر ،بنک ،یونیورسٹیاں اور دیگر ادارے اپنا سارا ریکارڈ کاغذوں پر رکھنے کی بجاٸے ان ڈیواٸسز پر منتقل کرتے جارہے ہیں ۔یہ ڈیواٸسز بہت زیادہ انفارمیشن کو بہت کم جگہ میں سٹور کر سکتے ہیں ۔ضرورت پڑنے پر ہم آسانی کے ساتھ ان سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔
آڈیو اور وڈیوکیسٹس : آڈیوکیسٹس ٹیپ ریکارڈ میں اور وڈیو کیسٹس وی سی آر میں استعمال کی جاتی ہیں ۔دونوں پلاسٹک کی پٹپوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ جن پر میگنیٹک میٹیریل کی تہ چڑھی ہوتی ہے ۔آواز یا تصویر کو الیکڑک سگنلز میں تبدیل کرکے آڈیو یا وڈیو ہیڈز کو بھیجاجاتا ہے سگنلز ،ہیڈز میں بدلتا ہوا میگنیٹک فیلڈ پیدا کرتے ہیں ۔ جب ٹیپ ہیڈ کے اوپر چلتی ہے تو میگنیٹک فیلڈ ٹیپ کے اوپر لگے میگنیٹک میٹیریل کا خاکہ تبدیل کر دیتا ہے ۔اسطرح ٹیپ پر آواز یا تصویر کا سگنل ریکارڈ ہو جاتا ہے ۔آواز یو تصویر کے دوبارہ حصول کے لیے اُلٹ عمل کیا جاتا ہے ۔اس مرتبہ ٹیپ کو جب ہیڈ کے اوپر سے گزارا جاتا ہے تو ہیڈ میگنیٹک ریکارڈنگ کو دوبارہ آڈیو یا وڈیو سگنلز میں تبدیل کر دیتا ہے آڈیو سگنل کو سپیکر آواز میں بدل دیتا ہے جبکہ وڈیو سگنل کو ٹی وی تصویر میں بدل دیتا ہے ۔
کمپیکٹ ڈسک (سی ڈی ) : کمپیکٹ ڈسک چمکدار سطح والی ایلومینیم یا پلاسٹک کی ایک ڈسک ہے ۔اس پر ڈیجیٹل ریکارڈنگ ہوتی ہے ۔اس ریکارڈنگ میں ڈسک پر ننھے ننھے کروڑوں پٹس یعنی گڑھے کھودے جاتے ہیں جن کا خاکہ آواز یا تصویر کے سگنل کے مطابق ہوتا ہے ۔گڑھوں کے درمیان ہموار چمکدار جگہیں فلیٹس کہلاتی ہیں ۔ری پلے کرنے کے لیے ایک لیزربیم ڈسک کو سکین کرتی ہے ۔جسے سی ۔ڈی کو پڑھنا کہتے ہیں ۔فلیٹس بیم کو رفلیکٹ کرتے ہیں ۔جوکہ ڈیجیٹل زبان میں 1 کے مترادف ہے پٹس بیم کو رفلیکٹ نہیں کرتے یہ 0 ہے ۔تمام 1 اور 0 مل کر ڈیجیٹل سگنل بناتے ہیں ۔سی ڈی پلیٸر میں لگا ایک رزسٹر ڈیجیٹل ریکارڈنگ کو اینالوگ الیکڑک سگنل میں بدل دیتا ہے ۔اس سگنل کو ایمپلی فاٸی کرکے سپیکر یا سکرین کو بھیج دیا جاتا ہے ۔سی ڈی کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ سے حاصل کی گٸی آواز کی کوالٹی کیسٹ ٹیپ کی نسبت بہت بہتر ہوتی ہے ۔نیز کیسٹ ٹیپ کی طرح ہیڈ یا سوٸی سی ڈی کو نہیں چھوتی بلکہ صرف لیزربیم اسے چھوتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ سی ڈی پر سکریچ نہیں پڑھتے اور یہ لمبے عرصے تک صحیح کام کرتی ہے۔
فلاپی ڈسک : فلاپی ڈسک نرم پلاسٹک کی ڈسک ہے جسں پر میگنیٹک میٹیریل مثلاً فیرک آکساٸڈ کی تہ چڑھی ہوتی ہے ۔اس پر معلومات میگنیٹک پیٹرن کی شکل میں سٹور ہوتی ہے ۔اسے ایک پلاسٹک کیسٹ میں محفوظ کیا ہوتا ہے ۔جب اسے کمپیوٹر میں ڈالا جاتا ہے تو فلاپی ڈراٸیور ڈسک کو تیزی سے گھماتی ہے ۔ایک ہیڈ ڈسک سے ڈیٹا پڑھتا یا اس پر لکھتا ہے ۔
ہارڈ ڈسک : ہارڈ ڈسک دو یا زیادہ پلیٹوں پر مشتمل ہوتی ہے جو سخت دھاتی میٹیریل کی بنی ہوتی ہے ۔پلیٹو کو ایک سپنڈل پر جوڑا جاتا ہے ۔جو تیزی سے گھومتا ہے ۔پلیٹوں کو محفوظ کرنے کے لیے ایک ڈبے میں بند کیا جاتا ہے ہر پلیٹ پر میگنیٹک میٹیریل کی تہ چڑھی ہوتی ہے جس پر میگنیٹک پیٹرن میں ڈیٹا ریکارڈ ہوتا ہے ۔ڈیٹا ریکارڈ کرنے پڑھنے کے لیے ہر پلیٹ کے ساتھ مخصوص ہیڈز مہیا کٸے جاتے ہیں فلاپی ڈسک کے مقابلے میں ہارڈ ڈسک پر بہت زیادہ معلومات سٹور کی جاسکتی ہیں ۔اسی لٸے اسے سٹوریج ڈسک بھی کہا جاتا ہے ۔ہارڈ ڈسک کمپیوٹر کا ایک مستقل حصہ ہے اور یہ کمپیوٹر کے اندر نصب ہوتی ہے۔
( Software )سوفٹ وٸیر
کمپیوٹر کو مساٸل حل کرنے کے لیے استعمال کرنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کہ اسے ایسی زبان میں ہدایات نہ دی جاٸیں جن کو کمپیوٹر سمجھتا ہو ۔مختلف کاموں کو کے لیے ہدایات بھی مختلف ہوتی ہیں ۔یہ ہدایات میگنیٹ ٹیپ ،سی ڈی ،فلاپی ڈسک وغیرہ کے ذریعے دی جاتی ہیں۔
سافٹ وٸیر کی تعریف
کمپیوٹر صرف اکیلے ہارڈوٸیر سے کوٸی بھی کام نہیں کرسکتا ۔اسے کام کرنے کےلیے ہدایات کی ضرورت ہوتی ہے۔انسٹرکشنز سافٹ وٸیر کہلاتی ہے ۔
یعنی کہ (کمپیوٹر کو کام کرنے کے لٸے الیکڑونک طریقے سے دی جانے والی ہدایات سافٹ وٸیر کہلاتی ہے )۔ سافٹ کی اصطلاح سے مراد پروگرامز یا ہدایات ہیں جو کہ کمپیوٹر کو یہ بتاتی ہیں کہ اُسے کیا کام کرنا ہے ۔سافٹ اس لیے ڈیزاٸن کیے جاتے ہیں تاکہ وہ یوزرز کی مدد کریں تاکہ وہ کمپیوٹر سے رابطہ کر سکیں ،ڈاکیومنٹس بناٸیں ،گیمز کھیلیں ،فلمیں دیکھیں ،تصویریں بناٸیں اور پینٹنگز کریں ۔
سافٹ وٸیر کی اقسام
کمپیوٹر سافٹ وٸیر کی دو بنیادی اقسام ہیں ۔
( System Software )سسٹم سافٹ وٸیر
(Application Software)ایپلیکیشن سافٹ وٸیر
سسٹم سافٹ وٸیر
سسٹم سافٹ وٸیر ایسے پروگرامز ہیں جو کمپیوٹر ہارڈوٸیر کے آپریشنز کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔یہ سافٹ وٸیر کمپیوٹر سسٹم کا ضروری حصہ ہوتے ہیں ۔سسٹم سافٹ وٸیر سے مراد آپریٹنگ سسٹم اور دوسرے یوٹیلیٹی پروگرامز ہیں جو کہ نچلی سطح پر کمپیوٹر کے ریسوسز کو کنٹرول کرتے ہیں ۔سسٹم سافٹ وٸیر ایک یا ایک سے زیادہ پروگراموں کا مجموعہ ہے جو کہ کمپیوٹر سسٹم کر کاموں کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیزاٸن کیا گیا ہے۔ یہ پروگامز مخصوص مساٸل حل نہیں کرتے۔یوزر سسٹم سافٹ وٸیر کے بغیر کوٸی کام نہیں کرتا ۔
سسٹم سافٹ وٸیر کی اقسام
( Operating System )آپریٹنگ سسٹم
( Device Drivers) آلات کے ڈراٸیورز
(Utilities/Utility Programsabbat)یوٹیلیٹیز/یوٹیلٹی پروگرامزر
آپریٹنگ سسٹم
آپریٹنگ سسٹم ایک سافٹ وٸیر ہے جوکہ کمپیوٹر کے بنیادی کاموں کو کنٹرول کرتا ہے اور ایپلیکیشن پروگراموں کو چلاتا ہے ۔یہ بالکل کمپیوٹر کی روح کی طرح ہے ۔آپریٹنگ سسٹم ڈیٹا کو آرگناٸز بھی کرتا ہے اور کمپیوٹر میں دوسری ایپلیکیشنز کو بھی چلاتا ہے ۔آپریٹنگ سسٹم ریسورسز مینیج کرتا ہے ایک یوزر کو انٹرفیس مہیا کرتا ہے اور ایپلیکیشنز چلاتا ہے ۔آپریٹنگ سسٹم یوزر اور کمپیوٹر کے درمیان لنک بناتا ہے ۔تمام کمپیوٹرز کسی نہ کسی قسم کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ آتے ہیں ۔ماٸیکرو سافٹ ونڈوز پرسنل کمپیوٹرز میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا آپریٹنگ سسٹم ہے ۔ایم ایس ڈاس ،لی نکس ،یونکس اور میک آپریٹنگ سسٹم کچھ دوسرے آپریٹنگ سسٹمز ہیں ۔
آپریٹنگ سسٹم کے اہم کام
ہر کمپیوٹر میں ایک آپریٹنگ سسٹم ہوتا ہے اور ہر آپریٹنگ سسٹم درج ذیل بنیادی کام کرتا ہے ۔
بوٹنگ اور انٹرفیس مہیا کرنا۔
پروگراموں کو مینیج کرنا۔
فاٸل کو مینیج کرنا ۔
آلات کوکنفیگر کرنا۔
بوٹنگ اور انٹرفیس مہیا کرنا
Booting and Providing a User Interface
آپریٹنگ سسٹم کی فاٸلوں کو میموری میں لوڈ کرنے کے عمل کو بوٹنگ کہتے ہیں ۔ آپریٹنگ سسٹم کمپیوٹر کے سٹارٹ کرنے کے عمل کو کنٹرول کرتا ہے ۔جب آپ اپنے کمپیوٹر کو چلاتے ہیں اس کی ریم میں کوٸی انفارمیشن نہیں ہوتی ۔یہ روم میں موجود معلومات پر انحصار کرتا ہے ۔ان معلومات میں ایک پروگرام شامل ہوتا ہے جو کہ کمپیوٹر کو ہدایات دیتا ہے کہ بوٹ کیسے کرنا ہے ۔آپریٹنگ سسٹم، سسٹم فاٸلز کو کمیوٹر کی ریم میں لوڈ کرتا ہے اور ایک یوزر انٹرفیس مہیا کرتا ہے تاکہ یوزر آسانی سے کمپیوٹر پر کام کر سکے ۔یہ ایک ایسا ماحول ہے جس کے ذریعے یوزر کمپیوٹر سسٹم کے ساتھ رابطہ کرتا ہے ۔یوزر انٹرفیس آپریٹنگ سسٹم کا حصہ ہوتا ہے جس سے ہم سب سے زیادہ واقف ہیں۔
انٹرفیس کی اقسام
دو زیادہ استعمال ہونے والے انٹرفیس ہیں۔
کمانڈ لاٸن انٹرفیس (2) گرافیکل یوزر انٹرفیس
کمانڈ لاٸن انٹرفیس : کمانڈ لاٸن انٹرفیس میں کوٸی کام کرنے کے لیے یوزر کو خود کمانڈ ٹاٸپ کرنا پڑتی ہے پچھلے تمام کمپیوٹرز کمانڈ لاٸن انٹرفیس استعمال کرتے تھے ۔اس طرح کے انٹرفیس میں جو کمانڈ یوزر چلانا چاہتا ہے اُسے بالکل صحیح طرح ٹاٸپ کرنا پڑتا ہے ۔پرسنل کمپیوٹر کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کمانڈ لاٸن انٹرفیس ایم ایس ڈاس ہے۔
گرافیکل یوزر انٹرفیس (جی یو آٸی ) : ونڈوز آپریٹنگ سسٹم گرافیکل یوزر انٹر فیس مہیا کرتا ہے ۔جب یوزر کمپیوٹر کو آن کرکے آپریٹنگ سسٹم کو چلاتا ہے تو ایک رنگین سکرین ظاہر ہوتی ہے ۔اس سکرین کو ڈیسک ٹاپ کہتے ہیں ۔گرافیکل یوزر انٹرفیس یوزر کو آٸیکنز ،فولڈرز اور شارٹ کٹس میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔گرافیکل یوزر انٹرفیس (جی یو آٸی ) پروگرام ٹیکسٹ اور گرافکس سلیکشن کے آٸٹمز دکھاتا ہے ۔
پروگراموں کو مینیج کرنا ( پروگراموں کو کنٹرول کرنا)
آپریٹنگ سسٹم بیک وقت ایک سے زیادہ پروگراموں اور ایپلیکیشنز میں یوزر کو کام کرنے میں مدد دیتا ہے ۔یہ ایکٹوایپلیکیشن کو فورگراٶنڈ اور دوسرے پروگراموں کو بیک گراٶنڈ میں ظاہر کرکے ایک سے زیادہ پروگراموں کو کنٹرول کرتا ہے ۔یوزر ٹاسک بار پر موجود بٹنوں پر کلک کرکے آسانی سے ان پروگراموں میا جاسکتا ہے ۔
فاٸل کو مینیج کرنا (فاٸلوں کو کنٹرول کرنا)
آپریٹنگ سسٹم سیکنڈری سٹوریج آلات سے پروگراموں کو مین میموری میں لوڈ کرتا ہے اور پھر ان پروگراموں کو چلاتا ہے ۔آپریٹنگ سسٹم فاٸلوں اور فولڈرز کو کنٹرول کرنے کے لیے یوزر کی مدد کرتا ہے ۔یوزر آسانی سے فاٸلز اور فولڈرز کو بنا سکتا ہے ،سیو(محفوظ )،ڈیلیٹ(خیم )،کاپی ،کٹ ،پیسٹ اور ان کے نام تبدیل کرسکتا ہے ۔کمپیوٹر سسٹم پر موجود فاٸلوں کو مینیج کرنے کرنےکے لیےاستعمال ہونے والا یوٹیلیٹی پروگرام فاٸل مینیجر کہلاتا ہے ۔ہمیں فاٸلوں کے کام کرنا ہوتے ہیں جیسا کہ فاٸلوں کو ختم کرنا ، کاپی یا ضم کرنا ۔جدید آپریٹنگ سسٹم میں فاٸلوں کو ہینڈل کرنے والے پیکیجز بناٸے گٸے ہیں ۔یہ پیکیچز فاٸلوں کا نام ظاہر کرتے ہیں اور آپ کو اُن فاٸلوں کو مارک کرنے کے قابل بناتے ہیں جن کو آپ کاپی کرنا چاہتے ہیں یا ختم کرنا چاہتے ہیں۔
آلات کو کنفیگر کرنا ( آلات کو ترتیب دینا )
جب کمپیوٹر سٹارٹ ہوتا ہے تو آپریٹنگ سسٹم تمام ڈیواٸسز کو چیک کرتا ہے ۔اور اٗن کے ڈراٸیورز لوڈ کرتا ہے ۔جب ایک نیا آلہ کمپیوٹر کے ساتھ جوڑا جاتا ہے تو آپریٹنگ سسٹم اس کو ترتیب دیتا ہے اور اس کے ڈراٸیور کو انسٹال کرتا ہے تاکہ صحیح طریقے سے کام کر سکے ۔آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے ہم کمپیوٹر سسٹم کے ان پٹ آٶٹ پٹ ، سٹوریج آلات کو ترتیب دے سکتے ہیں ۔ان ڈیواٸسز کو ایڈجسٹ کیے بغیر یہ کام نہیں کریں گے ۔ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں ہم کنٹرول پینل کے ذریعے مختلف آلات کی پراپرٹیز کو سیٹ کر سکتے ہیں ۔
آلات کے ڈراٸیورز (ڈیواٸس ڈراٸیورز)
ڈیواٸس ڈراٸیور ایک سسٹم سافٹ وٸیر ہے جو آپریٹنگ سسٹم کو بتاتا ہے کہ کیسے ڈیواٸس کے ساتھ کمیونیکیٹ کرنا ہے ۔اس کو ڈراٸیور بھ کہتے ہیں ۔زیادہ تر ڈیواٸس ڈراٸیورز ماٸیکرو سافٹ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ خود بخود انسٹال ہو جاتے ہیں ۔اگر ڈیواٸس ڈراٸیور انسٹال نہ کیا گیا ہو تو ڈیواٸس صحیح طور پر کام نہیں کرتا مثلاً ساونڈ کارڈ کا ڈیواٸس ڈراٸیور ،پرنٹرکا ڈیواٸس ڈراٸیور وغیرہ ۔
یوٹیلیٹیز / یوٹیلیٹی پروگرامز
یوٹیلیٹی پروگرام ایک سسٹم سافٹ وٸیر ہے جو کہ یوزر کو کمپیوٹر کو اینالاٸز ،ترتیب اور کنٹرول کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔یہ پروگرامز کمپیوٹر سسٹم کے آپریشن میں کچھ ہونے والے پروسیس پر فارم کرتے ہیں یوٹیلیٹی پروگرام کمپیوٹر ،اُس کے آلات اور فاٸلز / پروگراموں کو کنٹرول کرنے کے لیے مخصوص کام کرتے ہیں ۔یہ پروگرامز آپ کے کمپیوٹر کو کام کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔ان میں سے کچھ آپ کو اپنے ڈیٹا کو بیک اپ کرنے ،پرانی فاٸلوں کو ختم کرنے یا غلطی سے ختم کی گٸی فاٸلوں کو واپس لانے میں مدد کرتے ہیں ۔جب کہ دوسرے آپ کی ضرورت کی معلومات کو ڈھونڈتے اور پھر ترتیب دینے میں آسانی پیدا کرتے ہیں ۔
ز
.jpeg)