تعطیلات کا مقصد
انسان کی طبیعت شروع سے ہی تغیر پسند واقع ہوٸی ہے۔ہر انسان عام طور پر زندگی کے ایک معمولات سے اکتاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے ۔پھر وہ چاہتا ہے کہ اُس کی زندگی میں ایسی کوٸی تبدیلی واقع ہو جو اُسے ذہنی و جسمانی طور پر تازہ دم کر دے ۔اسی مقصد کے تحت طلبا کے لیے بھی تعطیلات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ وہ معمول سے ہٹ کر زندگی کے دوسرے پہلوٶں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں ۔پاکستان میں ایک رواں تعلیمی سال کے دوران درج ذیل تعطیلات ہوتی ہیں ۔
ہفتہ وار تعطیل
ہمارے ہاں کسی بھی شعبہ میں کام کرنے والے ہر چھوٹے بڑے کارکن ہر ہفتے کے احتتام پر ایک چھٹی دی جاتی ہے تاکہ وہ ہفتہ بھر کی تھکن اُتار کر مزید اچھے طریقے سے دوبارہ کام کے لیے خود کو تیار کر سکے۔ اسی طرح تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ہر ہفتے کے بعد ایک چھٹی دی جاتی ہے تاکہ بچے تازہ دم ہو سکیں ۔مزید یہ کہ ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی معاشرتی لحاظ سے بھی تربیت ہو سکے ۔
موسم سرما کی تعطیلات
پاکستان میں چار موسم ہوتے ہیں اور پاکستان دنیا کے اس خطے میں واقع ہے جہاں اکثر گرمیوں میں شدید گرمی اور سردیوں شدید سردی پڑتی ہے۔عموما دسمبر کے آخری ہفتہ میں طلبہ کو موسم سرما کی تعطیلات دی جاتی ہیں ۔ان تعطیلات کی تعداد زیادہ سے زیادہ دس دن تک ہوتی ہیں موسم کی شدت کی وجہ سے عموماً بچے ان تعطیلات میں زیادہ لطف اندوز نہیں ہو سکتے اور اپنا زیادہ تر وقت لحاف میں گھس کر یا ہیڑرز کے آگے بیٹھ کر گزارتے ہیں ۔
موسم گرما کی تعطیلات
سال کے بعد طلبہ جن تعطیلات کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور شدت سے ان کے آنے کا انتظار کرتے ہیں یہ موسم گرما کی تعطیلات ہیں ۔عموماً یہ تعطیلات 2 سے 3 ماہ تک ہوتی ہیں ۔طلبہ انتہاٸی دلچسپی اور ذوق شوق سے ان تعطیلات میں اپنا وقت گزارنے کا اہتمام کرتے ہیں ۔اپنے وقت سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کے لیے طرح طرح کے منصوبے بناتے ہیں اور جی بھر ان تعطیلات سے فاٸدہ اٹھاتے ہیں ۔کچھ طالب علم اپنے عزیز رشتہ داروں کے ہاں اپنی چھٹیاں گزارنے کے لیے جاتے ہیں ۔بعض اپنے پاس اپنے دوستوں کو بلوا لیتے ہیں ۔
بعض لوگ موسم گرما کی تعطیلات میں اپنے بچوں کو لے کر دور دراز تفریحی و صحت افزا مقامات کی سیر کے لیے جاتے ہیں ۔جہاں طلبہ خوبصورت وادیوں ،گنگناتی جھیلوں ،بہتے آبشاروں اور رنگ برنگ پھولوں کے قدرتی حسن سے خود کو لطف اندوز کرتے ہیں ۔بعض لوگ گھروں میں ہی اپنے بچوں کو تفریح کے سامان جیسے ان ڈروگیمز وغیرہ کا اہتمام کر دیتے ہیں ۔
بعض بچے ان چھٹیوں کا کچھ حصہ اپنے ننھیال یا ددھیال کے پاس جاکر گزارتے ہیں ۔بعض طلبا تاریخی مقامات کی سیر کرنا پسند کرتے ہیں ۔کچھ ذمہ دار طلبا دوران تعطیلات اپنی پڑھاٸی کے معمول کو بھی جاری رکھتے ہیں تاکہ سکول جا کر انھیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
الغرض سکول کی یہ تعطیلات بچوں کے لیے ہر لحاظ سے خوشیوں کا پیغام لاتی ہیں ۔محنتی اور ذمہ دار بچے ان تعطیلات میں اپنی نصابی کمزوریوں کو دور کرکے تعلیمی لحاظ سے خود کو بہتر درجے پر لانے کی تیاری کرتے ہیں ۔
کھیلوں کے دوران تعطیلات
بچوں کی جسمانی نشوونما کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے کھیلوں کے مقابلہ جات کے انعقاد کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔جس میں بچے اپنی پسند کے کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں ۔ان کھیلوں کے دوران بچوں کو چند دن کے لیے سلیبس کے بوجھ سے نجات مل جاتی ہے ۔اور وہ سکول میں کھیل کے میدان میں کھیل کر یا اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرکے خود کو مشغول رکھتے ہیں ۔کھیلوں کے مقابلہ جات کے دوران عام طور پر سکولوں میں بچوں کو پڑھاٸی سے چھٹی مل جاتی ہے ۔
غیر متوقع چھٹیاں
بعض اوقات ملک میں ہنگامی حالات کے پیش نظر بچوں کو غیر متوقع چھٹیاں دی جاتی ہیں ۔مثلاً سیلاب، جنگ ، شدید دھند ،ہڑتال یا مسلسل بارشوں کے نتیجے میں سکول بند کر دیے جاتے ہیں ۔یہ غیر متوقع چھٹیاں بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں ۔
